بھٹکل 8/اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں کورونا وائرس وباء کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات اور لاک ڈاؤن کی صورتحا ل کا جائزہ لینے کے لئے مغربی ژون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس دیوجیوتی نے آج بھٹکل شہر کا دورہ کیا۔
منگلورو سے سیدھے بھٹکل پہنچنے کے بعد آئی جی پی نے سب سے پہلے شہر کی اہم سڑکوں سے گزرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی موجودہ حالت کا معائنہ کیا۔ اس کے بعدٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پہنچ کرپولیس کی طرف سے کیے گئے تحفظاتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ پھر اخباری نمائندوں سے بات چیت کی۔ جس میں انہوں نے کہاکہ حکومت کی سطح پرتحفظاتی نقطہ نظرسے تمام ضروری اقدامات کیے گئے ہیں۔آئندہ 14اپریل کے بعد لاک ڈاؤن ختم ہوگا یا نہیں اس بارے میں ابھی کچھ کہا نہیں جاسکتا۔اس کے علاوہ 14اپریل کے بعد حفاظتی بندوبست کس طرح کا ہوگا اور دوسرے مقامات پر پھنسے لوگوں کو اپنے اپنے گھروں تک پہنچنے کی چھوٹ ملے گی یا نہیں، یہ بھی کہنا مشکل ہے۔
آئی جی پی نے کہا کہ کورونا وبا ء کے سلسلے میں بھٹکل سے متعلق کوئی خاص بات نہیں ہے۔ ابتدائی تفتیش کے بعد شک ہونے پر ہی کسی بھی شخص کو مزید جانچ کے لئے اسپتال لایا جاتا ہے۔صرف بھٹکل کی سرحد ہی نہیں بلکہ ضلع کے تمام تعلقہ جات کی سرحدوں کو بند کردیا گیا ہے اور لوگوں کی آمد ورفت پر پابندی لگادی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 2مہینے قبل کووڈ 19کے سلسلے میں لوگوں کے اندر اتنی بیداری نہیں تھی۔ اب عوام بھی اس کی سنگینی کو سمجھ رہے ہیں اور خود ہی آگے بڑھ کر اپنی جانچ کروا رہے ہیں۔ہمیں جب بھی کوئی اطلاع ملتی ہے تو پھر ہم فوری طور پر اس کی طرف توجہ دیتے ہیں اور مناسب کارروائی کرتے ہیں۔
آئی جی پی نے بھٹکل کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کے نمونے جانچ کے لئے بھیجے گئے تھے ان میں سے اکثر کی رپورٹ نگیٹیو آئی ہے،جو ایک اچھی بات ہے۔اگلے جو بھی اقدامات ہونگے وہ سرکاری احکام کے مطابق ہی انجام دئے جائیں گے۔
اس موقع پر ان کے ساتھ ضلع ایس پی شیو پرکاش دیوراج، بھٹکل ڈی وائی ایس پی گوتم اور ٹاؤن پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر ایچ بی کوڈگونٹی موجود تھے۔